حکومت فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، محمود خان

پشاور: وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ملک بھر میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگانے کے سلسلے میں خیبر پختونخوا کے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی ویکسینیشن کا باضابطہ اجراءکردیا ہے ۔ کورونا ویکسینیشن کے اجراءکے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں خیبر پختونخوا کے سات ہیلتھ ورکرز کو کورونا سے بچاو کی ویکسین لگائی گئی، جن میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ہاسپٹل ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل شہزاد، اسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہ، اسٹاف نرس عائشہ ظاہر، خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹر عابد علی، چارج نرس وقار اللہ، لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے چارج نرس طارق رحیم اور ٹیکنیشن سعید اللہ شامل ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے خیبر پختونخوا کوابتدائی طور پر سولہ ہزار ویکسین کی پہلی کھیپ موصول ہوئی ہیں ، وفاقی حکومت اور این سی او سی کی گائیڈ لائنز کے مطابق یہ ویکسینز صوبے کے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو لگائی جائیں گی ۔ ابتدائی طور کورونا ویکسینیشن کے لئے صوبے کے زیادہ متاثرہ آٹھ اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں پشاور، سوات، ایبٹ آباد، بنوں، ڈی آئی خان، کوہاٹ، مردان اورنوشہرہ شامل ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ وہ کورونا ویکسین کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت اور وزیراعظم کے مشکور ہیں جبکہ پاکستان کو کورونا ویکسین کی فراہمی پر ہم دوست ملک چین کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پختونخوا میں اب تک 3194 ہیلتھ ورکرز کورونا سے متاثر جبکہ32 شہید ہوئے ہیں، کورونا صورتحال میں ہیلتھ ورکرز بشمول ڈاکٹرز ,نرسز ,پیرامیڈکس اور دیگر فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات قابل ستائش ہیں اور صوبائی حکومت ان کی بے لوث خدمات اور قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو قوم کا اصل ہیرو قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دوسروں کی جانیں بچانے کے لئے گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں اور حکومت ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت کورونا کی پہلی لہر سے موثر انداز میں نمٹنے میں کامیاب رہی۔ مردان میں کورونا ویکسین لگانے کے سلسلے میں ڈی ایچ کیو ہسپتال مردان میں سٹاف نرس/ڈاکٹرز کو ویکسین لگادی گئی۔کمشنر مردان ڈویژن منتظر خان، ڈپٹی کمشنر مردان وزیر اراکین صوبائی اسمبلی افتخارعلی مشوانی، عبدالسلام آفریدی، امیرفرزند خان،ڈیڈک چیئرمین ملک شوکت،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرمردان ڈاکٹر کچکول، ایم۔ایس۔ڈی۔ایچ۔کیو سمیت کئی اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر کمشنر مردان ِ، ایم پی ایز افتخار علی مشوانی، عبد السلام آفرید ی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا صورتحال میں ہیلتھ ورکرز بشمول ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈکس، اور دیگر عملے کی خدمات قابل ستائش ہیں، فرنٹ لائن ورکرز اس قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے اپنے جانوں کی پرواہ کئے بغیر دوسروں کی جانیں بچانے کیلئے خدمات انجام دیں انہوں نے کہا پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن پرکرونا سے لڑنے والے طبی عملہ کو ویکسین لگائی جائیگی اور اسی طرح مرحلہ وار مُتاثرہ افرد کو ویکسینیشن کا عمل شروع کیا جائیگا۔ جبکہ ضلع مردان میں 11 سہولتی مراکز قائم کیئے جائینگے۔