مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کا126واں یوم پیدائش کل منایا جائے گا

مردان: بابائے قوم ، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی ہمشیرہ ، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح جو 31جولائی 1893 ء کو کراچی میں پیدا ہوئی تھیں کا 126واں یوم ولادت کل31 جولائی بروز بدھ کو ملک بھر میں قومی جوش و جذبے اور انتہائی عقیدت و احترام سمیت بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز ، کانفرنسز ، مذاکروں ، مباحثوں اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں مادر ملت کی تحریک پاکستان میں اپنے بھائی کے شانہ بشانہ جدو جہد سمیت ملک و قوم کیلئے ان کی گراں قدر خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔مادر ملت جنہیں شمع جمہوریت کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے نے برصغیر کی مسلم خواتین کو مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں اہم کردار ادا کرنے سمیت انہیں مردوں کے شانہ بشانہ تکمیل پاکستان کی جدو جہد میں عملی طور پر شریک کیا ۔محترمہ فاطمہ جناح نے 74برس کی عمر میں 9جولائی 1967ء میں وفات پائی۔ مادر ملت کے یوم ولادت اور سالگرہ کے موقع پر قرآن خوانی کی محافل کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں شہدائے تحریک پاکستان سمیت وطن عزیز کی سلامتی ، استحکام ، خوشحالی ، فلاح کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔