سی پیک پاکستان کی تاریخ کا ایک بڑا معاشی منصوبہ ہے، تیمور جھگڑا

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر برائے خزانہ وصحت تیمور جھگڑا نے کہاہے کہ پاکستان اور چین لازوال دوستی کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں جو آنے والے دنوں میں مزید مستحکم ہو گی۔سی پیک پاکستان کی تاریخ کا ایک بڑا معاشی منصوبہ ہے جس سے ملک بھر میں معاشی و اقتصادی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا اور خیبر پختونخواکے عوام سی پیک سے براہ راست فائدہ اٹھا سکیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر کیا۔صوبائی وزیر خزانہ و صحت تیمور خان جھگڑا نے چینی ثقافتی مرکز کی مختلف گیلریاں دیکھیں اور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔انہوں نے فرینڈ شپ وال پر دست خط کئے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ انہیں چائنہ ونڈو کا دورہ کر کے خوشی ہوئی ہے اور انہیں یقین ہے کہ اس قسم کے مراکز ایک دوسرے کے ملک کی تاریخ،تہذیب و ثقافت اور معاشی و اقتصادی ترقی سے متعلق جاننے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔پشاور میں چائنہ ونڈو کے قیام سے اہل پشاور کو چین کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا اس سلسلے میںصوبائی حکومت بھی اس مرکز کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کا ایک بہت بڑا منصوبہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ چینی زبان کی اہمیت بڑھ گئی ہے جسے سیکھنے والے مختلف منصوبوں میں ملازمتیں حاصل کر سکیں گے۔صوبائی وزیر نے امید ظاہر کی کہ رشکئی اکنامک زون کے قیام کے بعد خیبر پختونخوا میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گاجس سے دولاکھ سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع میسر آئیں گے اسی طرح سکی کناری ہائیڈل پاور پراجیکٹ کی تکمیل سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی حاصل کی جا سکے گی۔تیمور خان جھگڑا نے چائنہ ونڈو میں چینی زبان سکھانے کے تیسرے مفت کورس کا با ضابطہ افتتاح کرتے ہوئے اسے ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور یقین ظاہر کیا کہ اس اقدام کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔اس موقع پر چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چائنہ ونڈو کے زیر اہتمام چینی زبان سکھانے کا تیسرا کورس منعقد کیا جا رہا ہے جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے چینی زبان سیکھیں گے۔انہوں نے بتایا کہ پشاور میں قائم چائنہ ونڈو کو مختصر عرصے میں بیس ہزار سے زیادہ افراد نے دیکھا جس سے اہل پشاور اور اہل خیبر پختونخواکی اہل چین سے محبت اور دوستی کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔یونیورسٹی آف پشاور کے اختر امین نے کہا کہ سی پیک کے تناظر میں چینی زبان کی اہمیت بڑھ گئی ہے اور چائنہ ونڈو میں اپنی مدد آپ کے تحت چینی زبان سکھانے کا اقدام بلاشبہ لائق ستائش ہے۔بعدازاں صوبائی وزیر خزانہ و صحت تیمور جھگڑا نے میڈیا سے بھی گفت گو کی اور چائنہ ونڈو کو ایک بے مثال مرکز قرار دیا۔