عمران خان دنیائے کرکٹ کے بہترین کپتان قرار

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے شائقین کیلئے دنیائے کرکٹ کے 4 بہترین کپتانوں کے حوالے سے ٹوئٹر پر پول جاری کیا جس میں عمران خان 47 فیصد ووٹ حاصل کرکے بہترین کپتان بن گئے۔ آئی سی سی کی جانب سے پولنگ کیلئے دیئے گئے کپتانوں میں قومی ٹیم کے سابق کپتان عمران خان ، بھارت کے موجودہ کپتان ویرات کوہلی، آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی موجودہ کپتان میگ لیننگ اور جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز شامل تھے۔24 گھنٹوں کے لیے جاری کیے گئے پول میں 5 لاکھ 36 ہزار سے زائد لوگوں نے حصہ لیا اور عمران خان بہترین کپتان قرار پائے۔ سابق پاکستانی کپتان کے بعد دوسرے نمبر پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو 46 فیصد ووٹ ملے۔پول کا آغاز کرتے ہوئے آئی سی سی نے لکھا کہ ’آپ فیصلہ کریں کہ ان میں سے کون کون سے ’پیسٹرز‘ سب سے اچھے تھے‘۔

آئی سی سی کے ٹویٹس سے پتہ چلتا ہے کہ ویرات کوہلی کی بطور بلے باز اوسط 51.29 تھی لیکن ٹیم کی قیادت سنبھالنے کے بعد ان کی اوسط 73.88 تک پہنچ گئی ۔جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز کی بطور بلے باز اوسط 45.97 تھی لیکن کپتانی کے دوران ان کی اوسط بڑھ کر 63.94 تک پہنچ گئی۔ میگ لیننگ کی بطور بلے باز اوسط 43.97 تھی لیکن قیادت ملنے بعد اوسط بڑھ کر 60.93 ہوگئی ۔ پاکستان کے موجودہ وزیراعظم اور قومی ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کی ٹیسٹ کرکٹ میں عام کھلاڑی کی حیثیت سے بیٹنگ اوسط 25.43 اور بائولنگ اوسط 25.53 تھی۔ بطور کپتان ورلڈ کپ 1992ء جیتنے والے عمران خان کی قیادت ملنے کے بعد بیٹنگ اوسط 52.34 اور بائولنگ اوسط 20.26 رہی ۔

شیئر کریں