کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، ترک ڈرامے ارطغرل کے مشہور اداکار کے بیان نے ہندوستانیوں کے تن بدن میں آگ لگا دی

لاہور : ترک ڈرامے ارطغرل کے مشہور اداکار کے مطابق کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بے پناہ مقبول ہونے والے ترک ڈرامے ارطغرل میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار جلال آل ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں۔ اداکار کے ایک بیان نے ہندوستانیوں کے تن بدن میں آگ لگا دی۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری پیغام میں ڈرامہ ارطغرل غازی میں عظیم جنگجو کا کردار ادا کرنے والے اداکار نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ “زندہ باد ہلالی پرچم والے برادر ممالک، سرخ ہلالی پرچم کی کمی پورے کرتے ہوئے آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کے بہن بھائی ترک آپ کو سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ آپ کے لیے دعا گو ہیں۔کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ، اسلام آباد سے تمام پاکستانی بہن بھائیوں کو سلام پیش کرتا ہوں”۔ یہ پیغام اردو میں تحریر کرنے کے بعد انہوں نے مزید لکھا کہ “دل دل پاکستان، جان جان پاکستان، ترکی اور پاکستان کا بھائی چارہ زندہ بادہ، انشاء اللہ، الحمد للہ”۔ترک اداکار کے اس بیان کے بعد جہاں پاکستانیوں کی جانب سے دل کھول کر ان کا شکریہ ادا کیا گیا، وہیں حسب معمول بھارت کے سوشل میڈیا صارفین کے تن بدن میں آگ لگ گئی۔