پاک فوج اور روسی فوج کے درمیان معاہدہ

راولپنڈی : پاک فوج کے جوان روس میں تربیتی مشقوں کا حصہ بنیں گے، پاک فوج اور روسی فوج کے حکام کے درمیان معاہدہ طے پاگیا، فرینڈشپ 2019 نامی مشقوں کے تحت اکتوبر میں مشترکہ مشقوں کا انعقاد ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج اور روسی فوج کے درمیان تربیتی مشقوں کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا ہے۔ رواں برس اکتوبر کے ماہ میں روس میں فرینڈشپ 2019 نامی خصوصی فوجی مشقوں کا انعقاد ہوگا۔پاک فوج کے خصوصی دستے روس میں شیڈول ان مشقوں میں حصہ لیں گے۔ اس حوالے سے پاک فوج اور روسی فوج کے حکام کے درمیان باقاعدہ معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے کو پاکستان اور روس کے درمیان دفاعی تعاون میں اضافے کیلئے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل رواں ماہ کے شروع میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے روس کی بری فوج کے سربراہ نے ملاقات کی تھی جس میں سیکیورٹی اور تربیتی تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان روابط اور تعاون پر یقین رکھتا ہے۔ روسی فوجی سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا تھا۔ روسی بری فوج کے سربراہ نے پاکستان کے ساتھ مضبوط اور وسیع بنیاد پر تعلقات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا کو پاکستان کی کامیابیوں پر اسے سراہنا چاہیے۔