خیبرپختونخوا میں آئمہ کرام کیلئے ماہانہ 10 ہزار روپے اعزازیہ دینے کی منظوری

پشاور : صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے 22 ہزار آئمہ کرام کے لئے ماہانہ 10 ہزار روپے اعزازیہ دینے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت ہونے والے محکمہ اوقاف کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبے کے آئمہ کرام کو ماہانہ 10 ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا ، 22 ہزار آئمہ کرام کو دیے جانے والے اعزازیہ کی مد میں ماہانہ 22 کروڑ 72 لاکھ جب کہ سالانہ ڈھائی ارب سے زائد روپے خرچ کئے جائیں گے۔بتایا گیا ہے کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایات پر حال ہی میں ضم ہونے والے اضلاع کے آئمہ مساجد کو بھی اعزازیہ دیا جائے گا ، اس ضمن میں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ مالی سال کے آغاز سے آئمہ کرام کو اعزازیوں کی فراہمی کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کیے جائیں اس کے علاوہ صوبے میں مساجد اور مدارس میں شمسی توانائی اور دیگر ضروریات بھی ترجیحی بنیادوں پر پوری کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔یہاں واضح رہے کہ یہ وظیفہ صرف ایسی جامعہ مساجد میں خدمات دینے والے آئمہ کرام کو دیا جائے گا جہاں باقاعدگی کے ساتھ جمعہ کی نماز ادا کی جاتی ہے ، صوبائی حکومت نے یہ منصوبہ سال2018 میں شروع کیا ، جس کے لیے صوبے بھر سے 58 ہزار کے قریب آئمہ کرام کا ڈیٹا بھی جمع کیا گیا جب کہ منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے صوبائی محکمہ خزانہ کی طرف سے آئمہ کرام کو وظیفے کی ادائیگی کے لئے اکائونٹس کھولنے سمیت مروجہ طریقہ کار وضع کرنے کے لئے اکائونٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا سے رابطہ بھی کیا گیا۔