پاک امریکہ تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز

واشنگٹن: امریکہ نے پاکستان میں گیس اور بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے جبکہ امریکہ نے پاکستان کو گوشت، کپاس اور سویا بین کی برآمد کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔یہی نہیں بلکہ پاکستان نے خصوصی سہولیات ملنے کے بعد امریکہ سے ٹیکسٹائل شعبے کے لیے بھی مارکیٹ رسائی مانگ لی ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں امریکہ کا تاریخی اور کامیاب ترین دورہ کیا جس کے بعد سے پاک امریکہ تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔کامیاب دورہ امریکہ کے بعد وزیراعظم عمران خان کی وطن واپسی کے بعد ہی امریکہ نے پاکستان کے لیے ایف 16 طیاروں کے پُرزے اور تکنیکی خدمات کا اعلان کر دیا تھا اور اس ضمن میں وزارت خارجہ کی جانب سے منظوری بھی دے دی گئی تھی۔وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکہ کے بعد امریکہ کا رویہ بھی بدل گیا ہے۔ امریکی وزارتِ خارجہ کے مطابق طیاروں کے لیے 125 ملین ڈالر سپورٹ فنڈ فراہم کیا جائےگا۔ امریکی دفاعی سلامتی تعاون کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کے آلات اور فنی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ دوسری جانب امریکہ نے بھارت کے سی 17 ٹرانسپورٹ طیاروں کے لیے بھی 67 کروڑ ڈالرز کی سپورٹ فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔