عورتوں کے حقوق ہمارے دین اور آئین کا حصہ ہیں، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے میں صدر ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ بھی مثبت کردار ادا کر رہی ہیں،ایوانکا ٹرمپ سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری کی ملاقات میں پاکستانی خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے تعاون کی پیشکش،ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ،روزگار کا فروغ اور وزیراعظم کے دل کے قریب احساس پروگرام کی سپورٹ نہایت خوش آئندہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز ایک ٹویٹ میں کیا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایوانکا ٹرمپ کا پاکستان میں خواتین کی فلاح وبہبود کے منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار وزیراعظم عمران خان کے خواتین کو بااختیار بنانے کے وژن کی تکمیل میں معاون ثابت ہو گا،عورتوں کے حقوق ہمارے دین اور آئین کا حصہ ہیں اس کے علاوہ اقتصادی محاذ پر کامیابی کیلئے بھی خواتین کی معاشی ترقی ناگزیر ہے۔انھوں نے کہا کہ دنیا میں ان معاشروں نے ترقی کی جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کا مرکزی کردار رہا۔