اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگرد حملے کا منصوبہ ناکام، 3 دہشتگرد گرفتار

اسلام آباد : اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگرد حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دہشتگردوں نے اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی کوشش کی جسے سی ٹی ڈی کی بروقت کارروائی نے ناکام بنا دیا ۔ سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے تین دہشتگردوں کو گرفتار بھی کر لیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق تینوں دہشتگرد راولپنڈی بم دھماکے میں بھی ملوث ہیں۔دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد ، ڈیٹونیٹرز اور فونز بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔ دہشتگرد چار دھماکوں میں ملوث ہیں۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ مبینہ دہشت گردوں کوخفیہ اطلاع پر اڈیالہ روڈ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ مبینہ دہشت گردوں نے 4 شہریوں کو قتل اور 30 سے زائد کو زخمی کرنے کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ مبینہ دہشت گرد راولپنڈی میں جنوری، مارچ، جون اوردسمبر میں ہونے والے دھماکوں میں ملوث ہیں۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگرد اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج میں دھماکا کرنا چاہتے تھے، دہشت گردوں نے افغانستان میں رابطوں کا انکشاف کیا ہے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں کالعدم تنظیم نے دہشتگردوں کو مالی معاونت فراہم کی۔ ذرائع کے مطابق بھارت، افغانستان کو پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال کر رہا ہے۔