پاکستان پر الزامات سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کی حقیقت ختم نہیں ہو سکتی، دفتر خارجہ

اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ اور دیگر بھارتی رہنماوں کی جانب سے دہشت گردی سے متعلق الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات اسے سچ میں تبدیل کر سکتے ہیں اور نہ ہی اس سے عالمی سطح پر پاکستان مخالف پروپیگنڈے کی ماسٹر مائنڈنگ اور پاکستان کے خلاف ریاستی دہشت کردی کی حقیقت مٹ سکتی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا ڈوزیئرز اور ڈس انفو لیب کی رپورٹ خود سب کچھ بیان کررہی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کا ماسٹر مائنڈ ہے۔بے بنیاد الزامات سے مودی سرکار اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹا نہیں سکتی۔ترجمان نے کہا کہ بھارت اپنے جھوٹے بیانیئے سے نہ تو اپنی داخلی ناکامیوں اور نہ ہی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے ساتھ ساتھ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ظلم و ستم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹا سکتا ہے۔ ترجمان نے کہا ک خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لئے ہندوستان کو دہشت گردی کا بطور ریاستی پالیسی کے استعمال کو روکنا اورپاکستان کے خلاف اس کی عالمی سطح پر جاری مہم کو روکنا ہوگا۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے استعمال کا حق دیں دے۔