پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کا کمال

ریاض : ریاض میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کر دی۔  پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے ریاض میں موجود ایک بھارتی خاتون کا گُما ہوا پرس اُسے واپس لوٹا دیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں بھارتی خاتون نے بتایا کہ میں آپ سب کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ یہ جناب پاکستان سے ہیں، میں ریاض میں کاروبار کے سلسلے میں موجود ہوں۔میں کل ان کی ٹیکسی میں سفر کر رہی تھی، میں ان کی ٹیکسی میں اپنا والٹ بھول گئی تھی جس میں میرا اور میرے بیٹے کا پاسپورٹ اور 50 ہزار روپے تھے۔ یہ جناب آئے ہیں، اور مجھے میرا والٹ جیسا تھا جس حالت میں تھا انہوں نے واپس کر دیا ہے۔ خاتون نے کہا کہ میں ان کی ایمانداری سے بہت خوش ہوں اور یہ کہنا چاہتی ہوں کہ مسلمان یا پاکستانی افراد کے لیے ہمارے اندر جو سوچ ہے وہ ایک سوچ ہی کی حیثیت رکھتی ہے جو ہمارے اندر بھری جاتی ہے کیونکہ حقیقت میں ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔یہ پاکستانی ہیں، یہ مسلمان ہیں۔ میں ہندو ہوں اور ان کو یہ معلوم تھا لیکن اس کے باوجود انہوں نے مجھے ڈھونڈ کر میرا پاسپورٹ اور والٹ واپس لوٹایا ، مجھے ان سے مل کر بے حد اچھا لگا ۔ میرے پاس ان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔