وطن کے جان نثار بہادر سپوت آبائی علاقوں میں سپرد خاک

اسلام آباد:دہشت گردوں سے مقابلے میں جان نثار کرنے والے بہادر سپوتوں کو آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں فوجی افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ والدین نے بیٹوں کی دھرتی ماں کیلئے جان کی نذرانے پر فخر کا اظہار کیا۔شمالی وزیرستان کے باڈر پر پٹرولنگ پارٹی میں ڈیوٹی دیتے ہوئے قصبہ مینگن چکوال کے سپاہی احسن عباس ، چک 48 فتح بہاولنگر کے حوالدار محمدخالد دیگر ساتھیوں کے ہمراہ جام شہادت نوش کرگئے تھے،جنہیں ان کے آبائی علاقوں میں سپردخاک کردیاگیا۔شہید بابر مرزا کو پنڈ دادنخان کے علاقے لنگر اور سپاہی حفیظ اللہ کو مستونگ کے قریب ان کے آبائی گاؤں کردگاپ میں سپرد خاک کیا گیا۔شہید فوجی جوان محمد بچل کی نماز جنازہ کندھ کوٹ میں ادا کی گئی۔ بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملے میں شہید نادر حسین کو صوابی میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا،محمد نوید کو ایبٹ آباداور علی رضاشہید کو صحبت پورمیں سپردخاک کیا گیا۔گزشتہ روز شہید کیپٹن عاقب جاوید کی نماز جنازہ سرگودھا کے علاقے بھیرہ میں ادا کی گئی تھی،شہید کیپٹن عاقب کے والد نے بیٹے کی شہادت پر فخر کرتے ہوئے کہا ہے کہ میدان جنگ میں شہادت سے بڑاکوئی اعزازنہیں۔شہید کی والدہ نے بیٹے کی شادی کے لئے کراچی میں گھر تعمیر کروایا تھا۔ شہید کے والد کا کہنا تھا کہ عاقب آپریشنل علاقے میں تعیناتی پر بہت خوش تھا۔ عاقب کا 24 اگست کو نکاح ہونا طے پایا تھا،بابرمرزاشہیدکے والد مرزا ارتضیٰ نے کہا مرناتو ایک دن سب کو ہے،لیکن اللہ شہادت کیلئے میرے بیٹے کاانتخاب کیا یہ بہت بڑا اعزاز ہے۔ شہداء کے نماز جنازہ میں عسکری اور سول افسران کے علاوہ اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔