پشاور میں سیکیورٹی فورسز اور حساس اداروں کا آپریشن، اغوا کارگروہ کا سرغنہ گرفتار

پشاور:پشاور میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، تاوان کی غرض سے اغوا کیے جانے والا بچہ بازیاب،اغواء برائے تاوان میں ملوث گروہ گرفتار۔تفیصلات کے مطابق گزشتہ رات خفیہ ایجنسیوں کی اطلاع پر پشاور میں سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے جس میں ایک کارروائی کے دوران اغوا کارگروہ کا سرغنہ نواب خان ولد عالم دین ساکن ناواگئی باجوڑ اور ان کے ساتھی ملزم امجدکو گرفتار کرلیا ۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ تین دسمبر سے نواگئی باجوڑ کا 15 سالہ زاہداللہ گھر سے لاپتہ ہو گیا ہے،سیکیورٹی فورسز نے سائنسی بنیادوں پر تفشیش کرتے ہو ئے لاپتہ بچے کی بازیابی کیلئے اغوا کار گروہ تک رسائی حاصل کرکے اغوا ہونے والے بچے زاہد اللہ کو دلہ زاک پشاور کے ایک گھر سے برآمد کرکے بحفاظت اہل خانہ کو حوالہ کردیا،یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ زاہداللہ کو 10 لاکھ روپے تاوان کے بدلے اغوا کیا گیا تھا۔ملزم نواب خان کے ایک اور ساتھی امجد ساکن حسینی چوک پشاور کو گرفتار کرکے مزید تفشیش کیلئے سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا ہے،ذرائع کے مطابق ملزم نواب خان ایک نیٹ ورک کی تعاون سے قبائلی اضلاع سے تاوان کیلئے بچوں کو اغوا کررہے ہیں۔ مغوی بچے کے والد نے سیکیورٹی اور حساس اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ۔