پاکستان اور ترکی کی بحری افواج کی سپیشل فورسز کے درمیان مشترکہ مشق

اسلام آباد : پاکستان اور ترکی کی بحری افواج کی سپیشل فورسز کے درمیان مشترکہ مشق “ایلدز” کا انعقاد کیا گیا ۔پاک بحریہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 12 دن تک جاری رہنے والی یہ مشق مختلف نوعیت کے مشترکہ آپریشنز پر مشتمل تھی،مشق کا مقصد عسکری تعلقات اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو فروغ دینا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ دو طرفہ مشق “ایلدز” کے دوران انسداد دہشت گردی، مغویوں کی بازیابی اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز کی مشق کی گئی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کی مسلح افواج کے درمیان گہرے پیشہ ورانہ تعلقات ہیں، پاک بحریہ اور ترکش نیوی کے درمیان دوطرفہ اور بین الاقوامی مشقوں میں تعاون ہمیشہ جاری رہتا ہے۔