ایک سالہ انٹرن شپ کےلئے نوجوانوں سے درخواستیں طلب

اسلام آباد:آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ایک سالہ انٹرن شپ کےلئے مختلف شعبوں میں نوجوانوں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں، سال 2019ءکے لئے چاروں صوبوں، سابق فاٹا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت و بلتستان سے 300 نوجوان گریجویٹس کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ سرکاری ذرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ کامیاب نوجوانوں کو 20 ہزار روپے ماہوار مشاہرہ دیا جائے گا، انٹرن شپ میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو 9 اگست تک درخواستیں جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پٹرولیم، کیمیکل، الیکٹریکل، الیکٹرانکس، مکینیکل، میکاٹرانک ، سول،ماحولیاتی سائنسز، کمپیوٹر، سافٹ ویئر، ٹیلی کام، جیالوجیکل انجینئرنگ، جیالوجی اور جیو فزکس میں بی ایس اور ایم ایس کی ڈگریاں مکمل کرنے والے نوجوان درخواست دینے کے اہل ہیں، اسی طرح مارکیٹنگ اور ہیومن ریسورس میں ایم بی اے اور بی بی اے جبکہ آئی سی ایم اے، اے سی سی اے کرنے والے نوجوان بھی درخواستیں دینے کے اہل ہیں۔ درخواست دینے والے کی زیادہ سے زیادہ عمر 30 سال مقرر کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق چاروں صوبوں کے لئے 60,60 نشستیں مختص کی گئی ہیں جبکہ سابق فاٹا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے لئے بالترتیب 20,20 نشستیں مختص ہیں۔ پہلے سے ایک سالہ انٹرنشپ کرنے والے گریجوایٹس درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے، تیل اور گیس کے فیلڈ کے حامل اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی۔انھوں نے بتایا کہ امیدواروں کا انتخاب این ٹی ایس کے ذریعے عمل میں لایا جائے گا، درخواست گزار این ٹی ایس کی ویب سائٹ سے فارم ڈاﺅن لوڈ کر سکتے ہیں۔ درخواست کے ساتھ فیس الائیڈ بینک لمیٹڈ، حبیب بینک لمیٹڈ اور مسلم کمرشل کی شاخوں میں جمع کی جا سکتی ہے۔