امریکا پر پاکستان کے واجب الادا 9 ارب ڈالرز ملنے کا امکان

لاہور :پاک امریکا تعلقات بہتری کی جانب گامزن، پاکستان کو 9 ارب ڈالرز ملنے کا امکان، کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں امریکا پر پاکستان کے 9 ارب ڈالرز واجب الادا ہیں، رقم کی فراہمی کیلئے جلد معاملات طے کیے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جا رہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورے کے باعث پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں موجود سرد مہری ختم ہونے کے بعد آنے والے دنوں میں پاکستان کیلئے کئی بڑی خوشخبریاں سننے کو ملیں گی۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو تجارتی معاملات میں خصوصی ریلیف مل سکتا ہے۔ جبکہ کئی برس سے رکے ہوئے پاکستان کے کولیشن سپورٹ فنڈ کی بحالی کا بھی امکان ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا پر پاکستان کے 9 ارب ڈالرز واجب الادا ہیں۔یہ رقم کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں واجب الادا ہے۔ امکان ہے کہ پاکستان کو یہ رقم فراہم کرنے کیلئے جلد معاملات طے کر لیے جائیں گے۔یہ رقم کوئی قرض نہیں ہوگی بلکہ پاکستان کے اخراجات ہیں جو دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اس نے خود برداشت کیے۔ دوسری جانب امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کے ایف 16 طیاروں کی تکنیکی سپورٹ فراہم کرنے کے لیے 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر منظور کرے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ اعلان وزیر اعظم عمران خان کے رواں ہفتے واشنگٹن کے دورے کے بعد سامنے آیا جہاں وائٹ ہاؤس میں ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔سرکاری اعلان میں کہا گیا کہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے پاکستان کے ایف 16 پروگرام میں تعاون جاری رکھنے کے لیے فورین ملٹری سیلز (ایف ایم ایس) یا غیر ملکی فوجی سامان کی فروخت منظور کرنے کا ارادہ کیا ہے جس کی لاگت 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہوگی۔امریکی دفاعی سیکیورٹی کو آپریشن ایجنسی نے ضروری دستاویزات فراہم کرتے ہوئے کانگریس کو اس ممکنہ فروخت کے بارے میں اطلاع دے دی ہے۔