علامہ خادم حسین رضوی کا انتقال، وزیراعظم اور آرمی چیف کی جانب سے اظہار تعزیت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم عمران خان نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ کی اچانک موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں مولانا خادم حسین رضوی کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کرتا ہوں۔ادھر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی اپنے بیان میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ترجمان پاک فوج کے ٹویٹر اکائونٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے علامہ خادم حسین رضوی کی رحلت پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کے درجات بلند کرے اور اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے آمین۔