پاکستان نے 463 بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیئے

پاکستان نے مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی میں پاکستان آنے کے خواہشمند 463 بھارتی سکھ یاتریوں کو سوموار کے روز ویزے جاری کر دیئے، مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی 27 جون سے 6 جولائی کو منا رہی ہے۔ بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے جاری یہاں موصولہ پیغام کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان مذہبی مقامات کے دوروں کے پروٹوکول 1974ء کے قانون کے تحت ہزاروں بھارتی یاتری مختلف مذہبی تہواروں کے موقع پر ہر سال پاکستان آتے ہیں۔ ہائی کمیشن نے یہ ویزے دنیا کے مختلف حصوں میں تقریبات میں شرکت کرنے والے سکھ یاتریوں کو دیئے جانے والے ویزوں کے علاوہ جاری کئے۔زیادہ سے زیادہ یاتریوں کو ویزوں کا اجراء حکومت پاکستان کی پالیسی کے پیش نظر کیا جا رہا ہے جس کا مقصد مذہبی مقامات کے دوروں اور عوام سے عوام کے روابط کو فروغ دینا ہے۔یہ اقدام مذہبی مقامات کے دوروں سے متعلق دوطرفہ معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے حکومت پاکستان کے عزم کا بھی عکاس ہے۔