پاکستان کا آرمینیا اورآذربائیجان کے مابین امن معاہدے کا خیرمقدم

اسلام آباد:پاکستان نے آرمینیا اور آذربائیجان کے مابین امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ناگورنو کارا باخ تنازعہ کے حل کی مستقل حمایت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ روسی فیڈریشن کے ذریعہ سہ فریقی امن معاہدہ نے جنوبی قفقاز کے خطے میں امن کے قیام کے لئے ایک نیا موقع فراہم کیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ ہم آذربائیجان کی حکومت اور برادرانہ عوام کو ان کے علاقوں کی آزادی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ امید ہے کہ اس سے خطے میں استحکام اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور اندرونی طور پر بے گھر افراد کی اپنے آبائی علاقوں میں واپسی کے لئے راہ ہموار ہوگی۔