پاک فوج پر بلوچستان اور شمالی وزیرستان میں دہشتگرد حملے

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے دہشتگردوں نے فائرنگ کردی، بلااشتعال فائرنگ میں پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے دہشتگردوں نے پاک فوج کی بارڈر پٹرولنگ پارٹی پر بلااشتعال فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے ہیں۔پاک فوج کے شہداء میں حوالدار خالد، سپاہی نوید ، سپاہی بچل، سپاہی علی رضا، سپاہی ایم بابر اور سپاہی احسن شامل ہیں۔اس حملے کے بعد دہشتگردوں نے پاک فوج کے جوانوں پر بلوچستان میں بھی فائرنگ کی۔آئی ایس پی آرکے مطابق ایف سی بلوچستان کے دستے پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، حملے میں پاک فوج کے آفیسر سمیت 4 جوان شہید ہوگئے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ ایف سی بلوچستان کے اہلکار ہوشاب اور تربت کے درمیانی علاقے میں دہشتگردوں کیخلاف کومبنگ آپریشن میں مصروف تھے۔ کہ دہشتگردوں نے فائرنگ کردی۔ جام شہادت نوش کرنے والوں میں کیپٹن عاقب، سپاہی نادر ، سپاہی عاطف الطاف اور سپاہی حفیظ اللہ شامل ہے۔پاک فوج کے جوانوں پر دہشتگردی کا آج یہ دوسرا واقعہ ہے۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے پاک فوج کے جوانوں پر دہشتگردوں کے حملوں کے ردعمل میں اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان خطے کے امن کیلئے قربانیاں دے رہا ہے۔قبائلی علاقوں کی سیکیورٹی صورتحال بہتر ہورہی ہے۔ اب ہماری توجہ سرحدی صورتحال پر بہتر کرنے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند دشمن عناصر بلوچستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ دشمن عناصر کی بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ان شاءاللہ ناکام ہوگی۔