پاکستان چین کو چیریز برآمد کر ے گا

اسلام آباد:پاکستان چین کو چیریز برآمد کر ے گا، چیریز کی پہلی برآمدی کھیپ آئند ہ سال تک چین کیلئے روانہ کر دی جائے گی ۔ہواژی لونگ انٹر نیشنل ٹرینڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ پاکستان کے نمائندہ لی وی نے کہا ہے کہ اب تک چین کو چیریز برآمد نہیں کی جاسکیں جبکہ پاکستان میں پیدا ہونے والی چیریز اپنے معیار اور مٹھاس کے لحاظ سے بہترین ہے ۔ تیسری چائنہ انٹر نیشنل اپورٹ ایکسپو کے موقع پر شنگھائی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستانی چیریز دنیا سے پوشیدہ رہی ہے کیونکہ یہاں پر کولڈ چین کے انتظام کار ، مارکیٹ انفارمیشن سسٹم ، پیکنگ اور پروسیسنگ کے سہولیات کی کمی تھی ، اس حوالے سے لی وی نے کہا کہ چین چیریز کے باغات کی بہتری اور ترقی کے حوالے سے ٹیکنیکی معاونت فراہم کرسکتا ہے جبکہ پاکستان افرادی قوت فراہم کرے تو چیریز کی برآمدات سے قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین کولڈ چین ٹیکنالوجی کی ترقی کیلئے پاکستان کی مدد کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے چین کو زرغی مصنوعات کی برآمدات کے حوالے سے وسیع کاروباری مواقع دستیاب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کولڈ چین ، مارکیٹ انفورمیشن سسٹم سمیت پیکنگ اور پراسیسنگ کی سہولیات کی فراہمی سے آئندہ ایک سال تک پاکستان سے چین کو چیریز کی باقاعدہ برآمدات کی عمل شروع کر دیا جائے گا۔