روسی فوج کا خصوصی دستہ فوجی مشقوں کیلئے پاکستان پہنچ گیا، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: روسی فوج کا دستہ پاکستان پہنچ گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق روسی کمانڈوز کے دستے کی پاکستان آمد ہوئی ہے۔روسی کمانڈوز کا دستہ مشترکہ مشق دروزہبہ 5 میں حصہ لینے کے لئے پاکستان پہنچا ہے۔ پاکستان میں شیڈول دروزہبہ 5 مشق 2 ہفتوں پر محیط ہوگی۔آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ فوجی مشق کا مقصد انسداد دہشت گردی کے تجربات سے استفادہ کرنا ہے۔ سکائی ڈائیونگ اور یرغمالیوں کے لئے آپریشنز بھی مشق کا حصہ ہونگے۔ مشق میں حصہ لینے کیلئے پاکستان پہنچنے والے روسی فوجی دستے کو اسپیشل فورسز بھی کہا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل پاکستان کے فوجی دستے نے بھی روس میں ہونے والی فوجی مشقوں میں حصہ لیا تھا۔گزشتہ کچھ سالوں کے دوران پاکستان اور روس کے تعلقات میں واضح بہتری آئی ہے۔ دونوں ممالک کے فوجیوں نے متعدد مواقعوں پر مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لیا ہے۔ جبکہ واضح رہے کہ روسی صدر نے وزیراعظم عمران خان کو شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس 10 نومبر کو روس میں ہوگا۔ روس اجلاس کی میزبانی کرے گا جب کہ اجلاس میں پاکستان ، چین سمیت رکن ممالک شرکت کریں گے۔چینی صدر شی جن پنگ ، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی اجلاس کا حصہ ہوں گے۔ وزیراعظم سربراہ اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کریں گے۔کورونا کی دوسری لہر کے باعث اجلاس ورچویل انداز میں معقد ہو گا۔