قبائلی اضلاع کے پولیس اہلکاروں کو معیار ی تربیت اورتعاون پر پاک فوج کا شکریہ اداکرتاہوں، ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ

کوہاٹ:ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ پولیس فورس کی استعدادی صلاحیتوں کو بڑھانے اورجوانوں کی پیشہ ورانہ کیرئیر کیلئے بنیادی تربیت رگوں میں دوڑنے والے خون کے مترادف ہے۔ درپیش چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کیلئے پولیس کی معیاری تربیت عصر حاضر کااہم تقاضا ہے۔خاصہ دار اور لیویز اہلکاروں کی پولیس ٹریننگ پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایگل فورٹ درہ آدم خیل میں پولیس ٹریننگ کیمپس کے دورے کے موقع پر درہ آدم خیل پولیس کے زیر تربیت جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بریگیڈ کمانڈر 117بریگیڈ بریگیڈئیر شہزاد،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال اور پولیس و پاک فوج کے دیگر متعلقہ حکام بھی انکے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ نے پولیس کے تربیتی عمل اور ٹریننگ کیمپس میں موجود ہ انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے زیر تربیت پولیس جوانوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کی اورانکے درپیش مسائل کے فوری ازالے کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔اس موقع پر پاک فوج کے حکام نے ڈی آئی جی کوہاٹ کو ٹریننگ کیمپس میں ضم شدہ پولیس اہلکاروں کو دی جانیوالی تربیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جسمیں زیر تربیت اہلکاروں کی جسمانی فٹنس،مروجہ پولیس قوانین،بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری،پولیس فیلڈ ورک اور عوام کیساتھ پولیس کے طرز عمل جیسے مضامین شامل ہیں۔زیر تربیت پولیس جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت کے مظاہرے پیش کئے جسمیں اسلحہ کے مؤثر استعمال، آرمڈ کمبیٹ،پی ٹی ڈرل اور دیگر آپریشنز شامل تھے۔ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ نے اپنے خطاب میں معیار ی تربیت اور بہترین تعاون پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور دہشتگردوں کو شکست فاش دیکر امن قائم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ریجنل پولیس آفیسرکوہاٹ نے کہا کہ قبائلی اضلاع کا انضمام ملکی مفاد میں کیاگیا ہے جسکے ثمرات سے یہاں کے عوام مستفید ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس میں انضمام سے ضم شدہ اضلاع کے پولیس اہلکاروں کو خیبر پختونخوا پولیس کے برابر مراعات حاصل ہوئے ہیں۔انہوں نے زیر تربیت پولیس جوانوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ جو اہلکار ٹریننگ سکول سے بہتر تربیت اور تجربہ حاصل کرکے نکلے گا وہ فیلڈ ورک میں عوام کی بہتر خدمت کریگا۔انہوں نے پولیس جوانوں پر زور دیا کہ وہ تربیت کے دوران زیادہ سے زیادہ سیکھنے کی کوشش کریں اور تربیتی عمل سے حاصل کردہ علم اور تجربے کو فیلڈ ورک میں عوام کی خدمت اور فورس کا امیج بہتر بنانے کیلئے بروئے کار لائیں اور اپنی تمام تر توانائیاں انصاف پر مبنی خوشحال اور پرامن معاشرے کی تشکیل کیلئے صرف کریں۔ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ کا کہناتھا کہ پولیس اہلکاروں کی تربیت کے حصول میں گہری دلچسپی نہ صرف انکی بلکہ پولیس فورس کی استعدادی صلاحیتیں بڑھانے کیلئے نیک شگون ہے۔انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کی پولیس کو مثالی پولیس فورس بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔