قبائلی اضلاع میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے پاک آرمی کے زیر اہتمام خاصہ دار اور لیویز اہلکاروں کی پولیس ٹریننگ پیشہ ورانہ استعدادکار بڑھانے میں سنگ میل ثابت ہوگی، میجر جنرل اسد نواز جنجوعہ

لکی مروت: جنرل آفیسر کمانڈنگ نائن ڈویژن کوہاٹ میجر جنرل اسد نواز جنجوعہ نے کہا ہے کہ جدید پیشہ ورانہ تربیت، بہترین پولیسنگ اور عوام کی بہتر خدمت کے اہداف کے حصول کے لیے ضمانت فراہم کرتی ہے، زیر تربیت جوان اپنے آپ کو ہر قسم کی تربیت سے آراستہ کرکے مظلوم اور بے بس لوگوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور اپنے آپ کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار رکھیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیفٹنٹ عدنان شہید ٹریننگ سینٹر تاجہ زئی کے دورے کے موقع زیر تربیت جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ٹریننگ سینٹر پہنچنے پر ریجنل پولیس آفیسر بنوں اول خان، ڈی پی اولکی مروت عبدالرؤف بابر قیصرانی، ڈپٹی کمشنر عبدالحسیب اور پاک فوج کے افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے افسران نے انہیں ٹریننگ سنٹر میں سابقہ لیویز اورخا صہ داروں کو دی جانے والی تربیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ 200 اہلکاروں پر مشتمل پہلا دستہ تین مہینے پر مشتمل تربیت حاصل کررہا ہے جسمیں ٹرینز کی جسمانی فٹنس،مروجہ پولیس قوانین،بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری اورپیشہ ورانہ صلاحیتوں جیسے مضامین شامل ہیں۔ زیر تربیت اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کے مظاہرے پیش کیے جس میں اسلحہ کا استعمال،پی ٹی،ان آرمڈ کمبیٹ اور دیگر آپریشنز شامل تھے۔میجرجنرل اسد نواز جنجوعہ نے پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے زیر تربیت پولیس جوانوں میں سرٹیفیکٹ اور نقد انعامات تقسیم کئے اور اپنے خطاب میں کہا کہ خطے میں قیام امن کے لیے پاک فوج، پولیس کے افسروں و جوانوں کی قربانیاں تاریخ کا سنہرا باب ہیں خاصہ دار اور لیویز اہلکاروں کی پولیس ٹریننگ پیشہ ورانہ استعدادکار بڑھانے میں سنگ میل ثابت ہوگی۔