پاک فوج لائن آف کنٹرول کے ساتھ شہری آبادی کا تحفظ یقینی بنائے گی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی:بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج لائن آف کنٹرول کے ساتھ شہری آبادی کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ وہ کور ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق کورہیڈکوارٹر راولپنڈی دورہ کے موقع پر بری فوج کے سربراہ کو موجودہ صورتحال اور آپریشنل تیاری کے حوالے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیری آبادی کی حوصلے اور عزم کو سراہا جو لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کے ظلم اور بلااشتعال فائرنگ کا نشانہ بن رہے ہیں۔ بری فوج کے سربراہ کو راولپنڈی کنٹونمنٹ میں جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے اس پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس ضمن میں سول انتظامیہ کی تعریف کی۔