سی پیک کے 7 سال قبل شروع کرنے سے اب تک کئی منصوبوں میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے، چینی وزارت خارجہ

بیجنگ:چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) کے 7 سال قبل شروع کرنے سے اب تک کئی منصوبوں میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے، 25 ارب ڈالر کی پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری سے کئی منصوبوں کا آغاز ہوا اور کئی ایک مکمل ہو چکے ہیں۔ اپنی معمول کی بریفنگ کے دوران ترجمان وانگ وین بن نے خاص طور پر لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا تذکرہ کیا جو پاکستان میں بجلی سے چلنے والی سرکاری سطح پر ٹرانسپورٹ کے پہلے پراجیکٹ کے طور پر سامنے آیا ہے۔ گزشتہ ماہ اورنج لائن منصوبہ آپریشنل ہوا جس کے باعث پاکستان سب وے دور میں داخل ہو گیا، یہ منصوبہ اپنے مقررہ وقت سے قبل مکمل کئے گئے منصوبوں میں سے ایک ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سی پیک کے تحت جو منصوبے مکمل کئے گئے وہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا ایک پائلٹ پراجیکٹ ہے، جسے چین کے صدر شی جن پنگ کی ولولہ انگیز قیادت میں شروع کیا گیا۔ اس سارے تصور کا بنیادی مقصد پاکستان میں انفراسٹرکچر اور بجلی کی فراہمی میں اضافہ کرنا ہے، جس سے روزگار کے متعدد مواقع پیدا ہوئے اور پاکستان کی کل قومی پیداوار میں اضافہ کا باعث بنا۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر اور بجلی کی فراہمی کے منصوبوں سے روزگار کے 70 ہزار براہ راست مواقع پیدا ہوئے اور مجموعی طور پر پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ میں 1 سے 2 فیصد کا اضافہ ہوا۔ افغانستان کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ گوادر کے راستے خوراک اور دوسری ضروری اشیاءدرآمد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے نہ صرف ان دونوں پڑوسی ممالک میں ترقی میں اضافہ ہوا بلکہ اس سے ریجنل کنیکٹیویٹی اور خوشحالی کے مقاصد حاصل کرنے میں بھی کامیابی حاصل ہوئی۔ ترجمان نے کہا کہ اس سال کے وسط سے گوادر بندرگاہ پر 20 ہزار ٹن وزن کی کارگو شپنگ کا آغاز ہوا، جس کے ذریعے گندم، چینی اور کھاد افغانستان پہنچی، اس طرح روزگار کے ایک ہزار مواقع پیدا ہوئے۔ دونوں ممالک کی قیادت کے اتفاق رائے سے شروع کئے گئے سی پیک منصوبے کے بارے میں انہوں نے مزید کہا کہ چین اس منصوبے کی حمایت جاری رکھے گا اور دونوں ممالک اپنی قیادت کے ویزن کے مطابق اس پر عملدرآمد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ منصوبوں میں صنعت، زراعت اور زندگی کی بنیادی سہولتوں میں تعاون پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ترجمان نے پاکستان کی اعلی قیادت کی طرف سے سی پیک منصوبوں کی تعریف کو خوش آمدید کہا۔ گزشتہ ماہ بھی چین نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ایک انٹرویوکو سراہا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ سی پیک دراصل بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا وزنری پائلٹ پراجیکٹ ہے۔