پاکستان کیخلاف پروپیگنڈہ کرنیوالا بھارتی صحافی ارنب گوسوامی گرفتار

نئی دہلی :معروف بھارتی اینکر ارنب گوسوامی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بھارت کے معروف صحافی اور ری پبلک ٹی وی چینل کے ایڈیٹر ارنب گوسوامی کو ممبئی سے گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس کی ٹیم ارنب کو گرفتار کرنے کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچی جہاں سے انہیں پولیس وین میں بٹھا کر ساتھ لے جایا گیا۔ارنب گوسوامی نے پولیس کی جانب سے گرفتار کرنے پر مزاحمت کا بھی مظاہرہ کیا جس پر انہیں تھپڑ مارے گئے اوربالوں سے پکڑ کر لے جایا گیا۔ ریپبلک ٹی وی چینل کے کچھ سکرین شاٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں جن میں پولیس ارنب گوسوامی کے گھر میں داخل ہوتی نظر آرہی ہے اور ہاتھا پائی بھی ہو رہی ہیں۔۔برسرِاقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور کابینہ کے مرکزی وزیر پرکاش جاوڑیکر نے ارنب گوسوامی پر ہونے والی کارروائی کی مذمت کی اور کہا کہ اس بات نے انھیں ایمرجنسی کے دنوں کی یاد دلا دی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ارنب گوسوامی کی گرفتاری سنہ 2018 میں ارنب کے خلاف ممبئی میں خود کشی پر اکسانے کے الزامات کے تحت درج کیے گئے ایک مقدمے میں ہوئی ہے۔یہ کیس 53 سالہ خاتون انٹیریر ڈیزائنر کی خودکشی کے بعد درج کیا تھا۔ خود کشی سے قبل تحریر کیے گئے اپنے ایک خط میں انٹیریر ڈیزائنر نے الزام عائد کیا تھا کہ ارنب گوسوامی نے انھیں ریپبلک نیٹ ورک سٹوڈیو کی انٹیریر ڈیزائنگ کے عوض معاوضہ ادا نہیں کیا تھا، جس پر وہ دلبرداشتہ تھیں۔ ریپبلک چینل کا دعوی ہے کہ ارنب گوسوامی کو اس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے جو ماضی میں زیر تفتیش تھا مگر بعدازاں اس کیس کو داخل دفتر کر دیا گیا تھا