بھارت نے پوری مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی اوپن ایئر جیل میں تبدیل کردیا ہے، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو چین ، افغانستان ، انڈونیشیا کے سفراء اور بنگلہ دیش اور مالدیپ کے ہائی کمشنرز نے سفارتی اسناد پیش کیں ۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے نئے مقرر کردہ سفیروں/ہائی کمشنرز سے ملاقات کی اور ان کو مبارکباد پیش کی ۔ صدر مملکت سے ملاقات کرنے والوں میں عوامی جمہوریہ چین کے نامزد سفیر نانگ رانگ، افغانستان کے نامزد سفیر نجیب اﷲعلی خیل، انڈونیشیا کے نامزد سفیر ایڈم ملاورمان توگیو، بنگلہ دیش کے نامزد ہائی کمشنر راہول عالم صدیق اور مالدیپ کی نامزد ہائی کمشنر فرزانہ ظاہر شامل تھیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان ثقافت،معیشت ، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔صدر مملکت نے سفراء کو کوویڈ 19 کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 انسانیت کو درپیش سب سے بڑا چیلنج ہے اور اس پر قابو پانے کے لئے اجتماعی کوششیں کرنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔ صدر نے بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالیوں پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے پوری مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی اوپن ایئر جیل میں تبدیل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری ہندوستانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مسلمانوں اور دیگر اقلیتی گروہوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے۔