پاکستان میں تعینات جرمن سفیر کا تخت بھائی مردان کے تاریخی مقامات کا دورہ

پشاور(عبداللہ شاہ بغدادی) گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردوں کے حملوں میں مسلسل اضافے کے بعد پاکستان پر دہشت گردی کا ٹیگ لگا دیا گیا تھا جس کی وجہ سے سفارتی سطح پر بھی پاکستان کے تعلقات کافی حد تک خراب ہوچکے تھے۔لیکن پاکستان کی مسلح افواج نے قربانیاں دے کر دن رات دہشت گردوں کا مقابلہ کرکے پاکستان میں امن کی فضا قائم کر دی ہے، امن قائم ہونے کے بعد دنیا بھر کے سیاحوں نے پاکستان کا رخ کرلیا،اس کے علاوہ پاکستان میں تعینات بیرون ممالک کے سفیران بغیر سکیورٹی اور پروٹوکول خیبر پختونخوا کے تاریخی مقامات کا دورہ کررہے ہیں،گزشتہ دنجرمن سفیر برنارڈ شلاگیک نے تخت بھائی مردان کی تاریخی مقامات کا دورہ کیا۔ محکمہ آثار قدیمہ کے حکام نے سفیر کو گندھارا کے تاریخی مقامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ڈائریکٹر آرکیالوجی میوزیم خیبرپختونخوا ڈاکٹرعبدالصمد کے مطابق مردان کی تحصیل تخت بھائی کی تاریخی لحاظ سے پوری دنیا میں بہت اہمیت ہے۔ تخت بھائی تحصیل آج سے دوہزار سال پہلے بدھ مت کا مرکز رہ چکی ہے جب کہ گندھارا تہذیب کا دارالحکومت بھی تخت بھائی تھا۔ تخت بھائی میں بڑی بڑی سائٹس اور سٹوپہ موجود ہیں۔ آج سے دوہزار سال پہلے پوری دنیا سے بدھ مت کے ماننے والے تخت بھائی آتے تھے۔