آسٹریا میں دہشت گردوں کا حملہ، 7 افراد ہلاک متعدد زخمی

لاہور : آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دہشت گردی کا ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں سات شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔فائرنگ کا واقعہ ایک یہودی عبادت گاہ کے قریب پیش آیا۔اطلاع کے بعد مقامی پولیس موقعہ پر پہنچی مگر دہشت گرد موقعہ سے فرار ہو کر قریبی ہوٹل میں پہنچ گئے اور وہاں موجود لوگوں کو یرغمال بنا لیا۔پولیس نے چھاپے مار کارروائیاں بھی شروع کر دی ہیں اور ہوٹل اور ریستورانوں کو اپنے گھیرے میں لے رکھا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مارکارروائیاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔فائرنگ کے اس واقعہ میں ابھی تک سات افراد ہلاک ہیں جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ہلاک ہونے والوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ واقعہ دہشت گردی کا لگتا ہے مگر حملہ آور نامعلوم ہیں اور ابھی تک کچھ کہا نہیں جا سکتا کہ یہ حملہ کس کی جانب سے ہو سکتا ہے۔جبکہ پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور بھی مارا جا چکا ہے مگر ابھی تک پولیس ہوٹل میں یرغمال بنے شہریوں کو بازیاب کرانے میں ناکام ہے۔پولیس کی اضافی نفری اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس آپریشن میں لگ چکے ہیں تاہم ابھی تک دہشت گردوں پر قابو نہیں پایا جا چکا۔اطلاعات یہ بھی ہیں کہ دہشت گرد ایک سے زیادہ ہوٹل میں موجود لوگوں کو یرغمال بنا چکے ہیں جبکہ ابھی تک کی کارروائی میں پولیس کوئی ایک ہوٹل بھی کلیئر نہیں کروا سکی۔