کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی امداد شام روانہ

اسلام آباد:عالمی وبا کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان نے مسلم برادر ملک شام کو طبی سامان کی امداد بھجوائی ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے برادر ملک شام کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے امدادی سامان فراہم کیا گیا ہے۔ سامان دوست ملک شام روانہ کر دیا گیا ہے۔ امدادی سامان میں دو لاکھ پچاس ہزار فیس ماسک اور پچاس ہزار حفاظتی سوٹ شامل ہیں۔ امدادی سامان میں پچاس ہزار گاؤن، پچاس ہزار کے این 95 فائیو ماسک اور پچاس ہزار عینکیں بھی شامل ہیں۔شام اس وقت کورونا کیسز کی مجموعی تعداد5 ہزار728 ہے جب کہ وہاں288 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔ سب سے زیادہ کیسز دمشق میں رپورٹ ہوئے ہیں جہاں مریضوں کی تعداد ایک ہزار546 ہے اور103 اموات ہو چکی ہیں۔اعدادوشمار کے مطابق شام میں سب سے زیادہ کیسز13 اگست کو رپورٹ ہوئے تھے جب ایک ہی دن میں105 مریض سامنے آئے۔