توہین آمیز بیان ، خبیب نے فرانسیسی صدر کو آڑے ہاتھوں لے لیا

ماسکو : یو ایف سی لائٹ ویٹ چیمپئن خبیب نورماگومیدو نے توہین آمیز بیان پر فرانس کے صدر ایمانویل میکرون کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ انسٹا گرام پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں خبیب نے فرانسیسی صدر کے لیے سخت الفاظ میں لکھا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ اس غلاظت زدہ شخص اور اس کے فالوورز کی شکل بگاڑ دے ، جو کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں دنیا میں بسنے والے ڈیڑھ بلین سے زائد مسلمانوں کے احساسات اور جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہیں ، دعا ہے کہ ایسے لوگ اس دنیا اور آخرت دونوں میں ذلیل و رسوا ہوں، اللہ تعالیٰ حساب جلدی لیتے ہیں اور تم لوگ دیکھوگے کہ ان کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوگا۔

انہوں نے فرانسیسی صدر میکرون کی ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں ان کے چہرے پر بوٹوں کے نشان دیکھے جاسکتے ہیں، اس موقع پر یو ایف سی لائٹ ویٹ چیمپئن نے مزید لکھا کہ ہم مسلمان اپنے پیارے نبی ﷺ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، یہ پیار ہماری ماں پاب اور بیوی بچوں سے بھی بڑھ کر ہے، مجھے پورا یقین ہے کہ فرانس کے صدر کی طرف سے کی جانے والی اشتعال انگیزی لوٹ کر خود اس کی طرف آئے گی کیوں کہ ایسے لوگوں کا اختتام ہمیشہ اللہ سے ڈرادینے والا ہوتا ہے۔اپنے پیغام کے آخر میں خبیب نے قرآن پاک کی ایک آیت کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ یقیناً ایسے تمام لوگ جو اللہ اور اس کے پیغمبر کی شان میں گستاخی کرتے ہیں، ان کے لیے اس دنیا اور آخرت دونوں میں اللہ کی طرف سے ایک دردناک عذاب ہوگا۔