افغانستان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، اسپیکر افغان پارلیمنٹ

اسلام آباد:اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پرامن اور خوشحال افغانستان کا خواب جلد پورا ہونے جا رہا ہے۔انہوں کہا کہ پرامن اور خوشحال افغانستان نہ صرف علاقائی امن و سلامتی بلکہ دونوں ممالک کے عوام کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے بھی ضروری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پارلیمنٹ ہاؤس میں ولسی جرگہ (افغان پارلیمنٹ) کے اسپیکر میر رحمٰن رحمانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ افغان اسپیکر 17 رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان کے چھ روزہ پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔اسپیکر اسد قیصر نے افغان اسپیکر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ایک پرامن اور خوشحال افغانستان کی خواہش کی ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل میں شامل فریقین کو ملک میں پائیدار امن کے قیام سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ پاک افغان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے فعال کردار کے بارے میں اپنے افغان ہم منصب کوآگاہ کرتے ہوئے اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ دوطرفہ تجارت اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں ٹیرف اورطریقہ کار میں حائل رکاوٹیں دور کردی گئیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آنے کے خواہشمند افغان شہریوں اور تجارتی برادری کے لئے سرحدوں پر سہولیات مہیا کرنے کے علاوہ طلباء مریضوں اور دیگر افغان باشندوں کے لیے آزدانہ ویزہ پالیسی کا اجراء کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اپنی جغرافیائی اہمیت کو بروئے کار لا کر معاشی خودمختاری حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی سطح پر رابطوں میں اضافے سے دوطرفہ تجارت اور باہمتی تعاون میں فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی اور معاشی روابط کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے کیونکہ دونوں برادر ممالک میں باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ 26-27 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونے والے پاک افغان تجارتی اور سرمایہ کاری سیمینار دونوں ممالک میں معاشی سرگرمیوں میں مزید اضافے کے لیے پیش خیمہ ثابت ہو گا۔اسپیکر ولسی جرگہ (افغان پارلیمنٹ) میر رحمان رحمانی نے دو طرفہ تجارت میں اضافے خصوصاً ٹرانزٹ ٹریڈ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیےاسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور سرحد کے دونوں اطراف کے عوام مشترکہ مذہب ، ثقافت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اسپیکر اسد قیصر کی دونوں ممالک کے مابین تعلقات اور ہم آہنگی کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رابطوں میں اضافہ دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار کر سکتا ہے۔ انہوں کہا کہ افغانستان میں سرمایہ کاری اور تجار ت کے وسیع مواقع موجود اور افغانستان کی تجارتی برادری پاکستان کی جانب سے سرمایہ کاری کی منتظر ہے۔ انہوں نے امن مذاکرات کی کامیابی کے لیے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام سے افغانستان میں ترقی اور اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔قبل ازیں ولسی جرگہ کے اسپیکر میر رحمان رحمن نے پارلیمنٹ کے سبزہ زار میں سامنے پودا لگایا اور دونوں ممالک کی ترقی، خوشحالی اور مسلم اُمہ کے اتحاد اور یکجہتی کے لیے دعا کی ۔ مہمان اسپیکر نے قومی اسمبلی آف پاکستان میں رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔