عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پراپنی خاموشی توڑنی چاہئے ،وزیر مملکت علی محمد خان

اسلام آباد:پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پراپنی خاموشی توڑنی چاہئے کیونکہ موجودہ نازک وقت میں اس معاملے پر خاموش رہنا مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے۔ بدھ کو ریڈیو پاکستان کے کرنٹ افیئر کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت بڑی اقتصادی قوت ہے اور بہت سے ممالک نے اس کے ساتھ معاشی تعلقات قائم کر رکھے ہیں اور اسی وجہ سے وہ ممالک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سفاکی پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مسئلہ کشمیر کو دنیا کہ ہر فورم پر موثر طریقے سے اجاگر کررہے ہیں اور پچھلے سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم کے خطاب سے پوری دنیا کی توجہ کشمیر کی طرف مبذول ہوئی۔ علی محمد خان نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو معاشی طاقت بنانا ہو گا تاکہ دنیا پاکستان کی استدعاسننے پر مجبور ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) کشمیر اور فلسطین سمیت امت مسلمہ کے دیرینہ مسائل حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا نہیں کررہی ۔ انہوں نے کہا کہ کہ موجودہ دور میں وزیر اعظم عمران خان ، مہاتیر محمد اور طیب اردگان مسلم دنیا کے قائدین بن کر ابھرے ہیں۔انہوں نے جودھ پور میں 11 افراد کے قتل کے واقعہ کے حوالے سے بتایا کہ متاثرہ خاندان کے مردہ سربراہ کی بیٹی شریمتی مکھی نے جو پہلی معلوماتی رپورٹ درج کرائی اس میں آر ایس ایس کو نامزد کیا گیا تھا۔ اگرچہ ہم نے یہ معاملہ سفارتی چینلز کے ذریعے بھارت کے سامنے اٹھایا لیکن اس کے باوجود بھارتی حکام نے پاکستان کو ایف آئی آر اور ابتدائی تفتیشی رپورٹ کی کاپیاں فراہم کرنے کے لیے تعاون نہیں کیا۔