ٹک ٹاک کو پاکستان میں دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد : ٹک ٹاک کوپاکستان میں ایک بار پھر بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کی طرف سے تصدیق کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا ایپلی کیشن کی انتظامیہ کی طرف سے پاکستانی حکام کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ پابندی کی وجہ بننے والے متنازع مواد کو ہٹانے کے لیے میکانزم بنا نے کے لیے تیار ہیں، جس کے بعد اس مواد کو ہٹا دیا جائے گا، جب کہ مستقبل میں غیر اخلاقی مواد پر قابو پانے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے، جس کے لیے غیر اخلاقی مواد کی نگرانی اور ایسے اکاؤنٹس کی معطلی کے لیے بھی نظام بنالیا گیا ہے۔

اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں اس کی تصدیق بھی کردی ، جس میں کہا گیا کہ ٹک ٹاک کو پاکستان میں دوبارہ کھولا جارہا ہے کیوں کہ انتظامیہ کی طرف سے غیر اخلاقی مواد کو ہٹانے اور ایسے مواد کے حامل اکاونٹس کو بلاک کرنے کی یقین دہانی کرادی گئی ہے ، جب کہ آئندہ ٹک ٹاک اکاونٹس کو مقامی قانون کے مطابق رکھا جائے گا۔