پی ڈی ایم جلسہ فلاپ شو تھا، اداروں کیخلاف دشمنوں کی زبان استعمال نہیں کرنے دیں گے، شبلی فراز

اسلام آباد:وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹرشبلی فرازنے کہاہے کہ پاکستان کے عوام ذاتی ایجنڈا کی تکمیل کیلئے باہرنہیں نکلیں گے، اداروں پربات کرکے پاکستان کوبہت زیادہ نقصان پہنچانے کا کھیل کھیلا جارہاہے ، دشمنوں کی زبان استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، پوری طرح سے اداروں کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں ا ورکوئی بھی ایسی بات برداشت نہیں کی جائیگی جوملک اوران لوگوں کو جو اس ملک کیلئے کھڑے ہوئے ہیں کونقصان پہنچا سکے، کل ان کاپہلا شوہی فلاپ ثابت ہوا ، ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے ایک مہینہ کی تیاریوں کا انجام فلاپ شوکی شکل میں نکلا ۔ ہفتہ کویہاں کنونشن سینٹرمیں وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹرشبلی فراز نے کہاہے کہ گوجرانوالہ، جو نوازشریف کا سسرال اورمریم نوازکا ننھیال ہے ، نے اپوزیشن کے جلسہ کے حوالہ سے جس سردمہری کا مظاہرہ کیاہے اس سے اپوزیشن کو سمجھنا چاہئیے کہ ذاتی ایجنڈا کے تحفظ کیلئے کوئی باہرنہیں نکلیں گا۔انہوں نے کہاکہ گوجرانوالہ کی اپنی آبادی لاکھوں میں ہیں،پوری ڈویژن کی آبادی کروڑوں میں ہے،اس کے علاوہ پورے وسطی پنجاب سے تحریک انصاف کو قومی اسمبلی کی صرف 10 سیٹیں ملی ہیں باقی سیٹیں مسلم لیگ ن کی ہیں، اگر اس کے باوجود یہ ایک سٹیڈیم کو نہ بھرسکے تو یہ آگے کیسے جاسکتے ہیں۔وزیراطلاعات نے کہاکہ جو چیلینج انہوں نے دیا تھا اس کے مطابق پرویز رشید، راناثناءاللہ اورخرم دستگیرکواستعفی دینا چاہئیے، ان کا دسمبرکل رات سے ہی شروع ہوچکاہے۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ کل اپوزیشن کے لیڈروں خاص طورپربلاول بھٹوزرداری اورخواجہ آصف نے گھٹیا زبان استعمال کی ہے، بلاول بھٹوکی والدہ خودسیاست میں رہی ہیں بلاول بھٹو سے ایسی توقع نہیں تھی ،انہوں نے کل ایسی خواتین کا حوالہ دیا جن کاسیاست سے کوئی تعلق نہیں تھا،انہیں خود احساس کرنا چاہئیے تھا کہ جوزبان وہ استعمال کررہے ہیں کیا وہ مناسب ہے۔خواجہ آٓصف نے گھٹیاپن کا کام کیا اوراپنے سیاسی قماش کا مظاہرہ کیا۔وزیراطلاعات نے کہاکہ پاکستان کے عوام یہ سب کچھ دیکھ رہے تھے، کل کے ان اتحاد کا مظاہرہ ہوااس میں نہ تواتحاد، یقین اورنہ ہی نظم وضبط دیکھنے میں آیا۔کل انہوں نے اپنے اتحاد کے سربراہ مولانافضل الرحمان کو خالی کرسیوں سے خطاب کروایا۔انہوں نے مولانا صاحب کوہمیشہ دھوکہ دیا ہے،پچھلے سال مارچ میں بھی انہوں نے مولانا کو دھوکہ دیا اورابھی بھی دیاہے، اس سے نظرآرہاہے کہ ان کے پاس نہ توکوئی پروگرام ہے، نہ ہی عوام کو آگے لے جانے کیلئے کوئی وژن ہے،جنہوں نے چالیس سالوں میں عوام کیلئے کچھ نہیں کیا وہ اب کیا کریں گے۔اب یہ عوام کے دکھ دردکیلئے آئے ہیں، مریم نوازشریف بتائے کہ انہوں نے آخری بارکب غریب سے ملاقات کی ہے۔ان کو غریبوں کا کیاپتہ ہے، ان کو غریبوں کے دکھ دردکیامعلوم ہیں، ان کے توجلسوں میں بھی غریب نہیں آتے۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ کل ان کاپہلا شوہی فلاپ ثابت ہواہے اوراس سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے،یہ ایک ایک مہینہ سے تیاری کررہے تھے، تقاریرہورہی تھیں، لیکن اس کا انجام فلاپ شوکی شکل میں نکلا اورکل سٹیڈیم بھی نہ بھراجاسکا۔لوگ تقاریرسنے بغیرچلے گئے۔