ٹائیگر فورس کے نوجوان قومی خدمت کیلئے جوش و جذبہ سے سرشار ہیں، عثمان ڈار

اسلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس کے نوجوان قومی خدمت کیلئے جوش و جذبہ سے سرشار ہیں، ٹائیگر فورس کے جوان یونین کونسل کی سطح پر مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کرکے ضلعی انتظامیہ کو معاون فراہم کریں گے، ٹائیگر فورس اپوزیشن کے اعصاب پر سوار ہے، ماضی میں ایک دوسرے پر تنقید کرنے والے اپوزیشن رہنما آج اکٹھے ہو گئے ہیں، مریم اور بلاول بہن بھائی بن گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنونشن سنٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان گذشتہ 2 سال سے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، نوجوانوں کو کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے قرض اور ہنرمند پاکستان کے ذریعے تربیت فراہم کرکے اپنے پائوں پر کھڑا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس اپوزیشن کے اعصاب پر سوار ہے، ٹائیگر فورس ایک نظریہ کا نام ہے جو خدمت کے جذبہ کے تحت بلامعاوضہ قومی فرض ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں شمولیت کا موقع فراہم کر رہے ہیں، ٹائیگر فورس کے جوانوں نے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ ڈالا، کورونا وبا کے دوران ٹائیگر فورس کے جوانوں نے عوامی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے یہ بہادر جوان یونین کونسل کی سطح پر مارکیٹوں میں مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کریں گے جس سے ضلعی انتظامیہ کو ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اقدامات کرنے میں مدد ملے گی۔