بھارت بلوچستان میں امن وامان خراب کرنے کیلئے سالانہ 5سو ملین ڈالر خرچ کر رہا ہے ،وزیر داخلہ میرضیاء لانگو

کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگونے کہا ہے کہ بھارت بلوچستان میں امن وامان خراب کرنے کے لئے سالانہ 5سو ملین ڈالر خرچ کر رہا ہے یہ وہی دہشتگرد گروہ ہیں جو ماضی میں ناکام ہوئے اب دوبارہ منظم ہورہے ہیں ،مکران ڈویژن دہشتگردانہ کاروائیوں میں اضافے کا مقصد سی پیک کو نقصان پہنچانا ہے ۔یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں سول سیکرٹریٹ کے سکندر جمالی آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ گزشتہ روز اورماڑہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں 7 ایف سی اہلکار اور 7 سیکورٹی گارڈز شہید ہوئے ابتدائی تحقیقات کے مطابق گزشتہ روز او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر 7سے 8دہشت گردوں نے حملے کیا جبکہ جمعہ کو بھی تربت میں دہشت گردی کے واقعہ کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں اورماڑہ واقعہ کی زمہ داری براس نامی دہشتگرد تنظیم نے قبول کی ہے انھوں نے کہا کہ صوبے کے امن کو خراب کرنے کے لئے انڈیا پیسہ خرچ کر رہا ہے یہی وجہ ہے کہ ماضی کی ناکام دہشتگرد تنظیمیں دوبارہ منظم ہورہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت موجودہ دور حکومت میں دہشتگردی کے واقعات میں کمی آئی ہیں ایک ہی دشمن ہے ایک ہی ماسٹر مائنڈ ہے۔ ضیاء لانگو کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں طویل سرحدلگتی ہے اس لیے ایک ساتھ آپریشن نہیں ہوسکتا سرحد پار سے دہشتگردوں کو روکنے کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد جہاں بھی کوئی کارروائی کرینگے ہم ان کے خلاف وہیں آپریشن کرینگے ان واقعات میں کمی ضرور آئی ہے مگر مکمل طور پر اس کا خاتمہ نہیں ہوا وبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے کہا کہ ہمیں اپنی فورسز پر فخر ہے کہ ہمارے طاقتور دشمن ملک کی کوششوں کے باوجود ہماری فورسز نے دہشتگردی کو اپنی جانوں کی قربانی دے کر ناکام بنایا۔