بھارت میں نریندرمودی کی پالیسیوں کے بھیانک نتائج سامنے آرہے ہیں ،ذوالفقار بخاری

اسلام آباد:وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے بھارتی صحافی کے ساتھ انٹرویو میں نریندر مودی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے ۔ زلفی بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارت میں نریندرمودی کی پالیسیوں کے بھیانک نتائج سامنے آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت تمام تر کوششوں کے باوجود بھارتی زیر تسلط کشمیر میں کشمیری بہن بھائیوں کی حق کی آواز نہیں دبا سکا ۔ زلفی بخاری نے معاون خصوصی قومی سلامتی کے بھر پور موقف کو سراہا ۔وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے گزشتہ روز بھارتی صحافی کرن تھاپر کو انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے بھارت کے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت پیش کیے تھے ۔