چیئرمین نیب نے امریکہ میں روز ویلٹ ہوٹل کو بند کرنے کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے امریکہ میں روز ویلٹ ہوٹل کو 31 اکتوبر 2020 سے بند کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب راولپنڈی کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ منگل کو قومی احتساب بیورو کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نیویارک میں گزشتہ سو سال سے انتہائی مرکزی مقام پر قائم پاکستان کے مشہور زمانہ روز ویلٹ ہوٹل کو 31اکتوبر 2020 سے بند کرنے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس سامنے آئی تھیں۔ بیان کے مطابق چیئرمین نیب نے حکم دیا ہے کہ تحقیقات میں اس بات کا جائزہ لیا جائے کہ امریکہ کے شہر نیویارک میں انتہائی مرکزی جگہ پر واقع پاکستان کے قومی اثاثے روز ویلٹ ہوٹل کو بند کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ خصوصا اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ حکومت پاکستان کو مبینہ طور پر لاکھوں ڈالرز کانقصان کیسے ہوا۔ اس کے علاوہ ان ذمہ داران کا بھی تعین کیا جائے گا جنہوں نے اپنے قومی فرائض کی بجا آوری میں مبینہ طور پر کوتاہی برتی اور امریکہ کے شہر نیویارک میں انتہائی مرکزی جگہ پر واقع روز ویلٹ ہوٹل کو منافع بخش بنانے میں اپنا کردار ادا نہیں کیا۔