بھارت ریاستی دہشتگردی اور ڈھٹائی کا مظاہرہ کرنے والاملک ہے، پاکستان

اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع راجنت سنگھ کے پاکستان اور چین کی جانب سے جان بوجھ کر بھارت کے ساتھ سرحدی تنازعات پیدا کر نے سے متعلق بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ ریمارکس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان بھارتی حکومت کے ناقابل علاج جنونیت کا مظہر ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے پاک چین دیرینہ دوستی کے خلاف بھارت کے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے کی بھی مذمت کی ہے۔ توسیع پسندی اور ریاستی دہشت گردی کا ڈھٹائی سے مظاہرہ کرنے والے ملک کی جانب سے دوسروں کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانا حیران کن ہے۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری بخوبی واقف ہے کہ آر ایس ایس۔بی جے پی حکومت کی سیاسی موقع پرستی خطہ کا امن، استحکام اور سلامتی کو درہم برہم کر رہی ہے۔ یہ بھارت ہی ہے جو نہ صرف پڑوسیوں کے ساتھ تنازعات پیدا کرتا ہے بلکہ انہیں پرامن طور پر حل کرنے سے بھی راہ فرار اختیار کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ خطہ کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے کے بجائے جس میں ریاستی دہشت گردی کو اپنے انتہا پسند (ہندوتوا) نظریہ اور توسیع پسند (اکھنڈ بھارت) کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کے بطور آلہ استعمال کرنا شامل ہے، بھارت کو اپنے جارحانہ ایجنڈے کو ترک کرتے ہوئے پڑوسیوں کے ساتھ تنازعات پرامن طور پر حل کرنا چاہیے۔