نوشہرہ : بچوں کے اغواء اور اسمگلنگ کے الزام میں 4 افغان مہاجرین گرفتار

نوشہرہ : خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں انسانی اسمگلنگ کے الزام میں چار افغان مہاجرین کو گرفتار کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نوشہرہ نجم الحسنین کے مطابق ڈیڑھ ماہ قبل 10 بچوں کو افغانستان سے اغواء کرکے چمن کے راستے کوئٹہ اور وہاں سے ٹرین کے ذریعے نوشہرہ لایا گیا تھا، بچوں کی عمریں 8 سے 11 سال کے درمیان ہیں۔ڈی پی او نے بتایا کہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے نوٹس پر 28 ستمبر کو تمام بچوں کو مدرسے سے تحویل میں لیا تھا اور 4 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا گیا۔بچوں اور گرفتار چاروں ملزمان کوعدالت میں پیش کیا گیا جہاں بچوں نے بیان دیا کہ ان کو افغانستان سے اغواء کرکے پاکستان لایا گیا ہے۔ عدالت نے ملزمان کو ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جب کہ تمام بچوں کو افغان سفارتخانے کے سیکنڈ سیکرٹری کے حوالے کردیا گیا۔