ہندوستان ایروناٹکس کا ملازم آئی ایس آئی کو جنگی جہازوں کی معلومات فراہم کرنے پرگرفتار

ممبئی:مہاراشٹرا کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) کے ایک ملازم کو مبینہ طور پر پاکستان کی انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) ایجنسی کو لڑاکا طیاروں کی خفیہ معلومات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔ڈی سی پی ونئے راٹھور کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کی ناسک یونٹ کو اس شخص کے بارے میں معتبر انٹیلیجنس ملی ، جو آئی ایس آئی سے مستقل رابطے میں تھا۔ یہ شخص جس کی شناخت دیپک شیرساتھ کے نام سے کی جاتی ہے ، ہندوستانی لڑاکا طیارے اور ان کے مینوفیکچرنگ یونٹ کے بارے میں خفیہ معلومات واٹس ایپ کے زریعے آئی ایس آئی کو فراہم کر رہا تھا۔اسسٹنٹ سپروائزر کی حیثیت سے کام کرنے والے 41 سالہ شخص کے خلاف آفیشل سیکریٹس ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔