امریکی صدرٹرمپ کا 25 دسمبر کوافغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کا اعلان

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ دفاع کو افغانستان سے فوجیں نکالنے کا ٹائم فریم دیتے ہوئے کہا ہے کہ رواں برس کرسمس تک امریکہ کی تمام فوج افغانستان سے واپس اپنے ملک آجانی چاہیے. صدر ٹرمپ نے یہ بات اپنے ایک ٹوئٹ میں کہی ہے انہوں نے یہ ٹوئٹ ایسے موقع پر کی ہے جب امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر نے چند گھنٹے قبل ہی کہا تھا کہ امریکہ آئندہ برس کے اوائل تک افغانستان میں اپنی فوجیوں کی تعداد 2500 تک گھٹا دے گا.رواں برس فروری میں امریکہ اور طالبان کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا جس میں طالبان کے دہشت گردی کی روک تھام کی یقین دہانیوں کے بدلے امریکہ نے افغانستان سے اپنی افواج مئی 2021 تک واپس بلانے کا کہا تھا طالبان نے اس کے بدلے مستقل جنگ بندی اور افغان حکومت کے ساتھ شراکتِ اقتدار کا فارمولا طے کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی. صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ نے کہا تھا کہ امریکہ نومبر تک افغانستان میں اپنے فوجیوں کی تعداد 4 سے 5 ہزار تک کر لے گا اس سے کم تعداد کرنے کا فیصلہ افغانستان کے حالات پر منحصر ہوگا.صدر ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ہمیں افغانستان میں تھوڑی تعداد میں خدمات انجام دینے والے اپنے بہادر مرد اور خواتین کو کرسمس تک واپس اپنے گھر بلا لینا چاہیے۔