شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلیجنس آپریشن کیا جس میں دو مطلوب دہشتگرد مارے گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس آپریشن کیا ہے جس میں دوخطرناک دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ فورسز نے ایک دہشتگرد کو گرفتار کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں دہشتگرد انتہائی خطرناک اور فورسز کو مطلوب تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردی کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی ہے۔ ہلاک دہشتگرد 25 سے زائد دہشتگردی کی کارروائیاں کرنے کی پلاننگ کررہے تھے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد کئی معصوم لوگوں کے قتل میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد مقامی افراد کے قتل، اغوا اور بھتہ خوری جیسے جرائم میں ملوث تھے۔مطلوب دہشت گرد 25 سے زائد سیکیورٹی فورسز پر حملے کر چکے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دو دہشتگرد کو ہلاک کردیا جبکہ ایک دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دو دہشتگردوں میں سے ایک بارودی سرنگوں کا ماہر تھا۔ جبکہ ہلاک ہونے والا دوسرا دہشتگرد آئی ای ڈی بنانے میں مہارت رکھتا تھا اور یہ سب سیکیورٹی فورسز پر حملے کرنے میں ملوث تھے۔