کورونا وائرس کے شکار امریکی صدر ٹرمپ کو اسپتال منتقل کر دیا گیا

واشنگٹن: کورونا وائرس کے شکار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ صدر ٹرمپ احتیاطی تدابیر کے طور پر آئندہ کچھ دنوں کے لیے میری لینڈ میں بیتھیسڈا کے والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں منتقل ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق جب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اس کے بعد سے ان کی طبیعت سے متعلق مثبت خبریں ہی سننے کو مل رہی ہیں، تاہم ابھی کچھ دیر قبل ایک تشویشناک خبر سامنے آئی ہے جس میں پریس سیکرٹری وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ملٹری اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔امریکی صدر اور ان کی اہلیہ نے گزشتہ روز کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے خود کو قرنطینہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔