مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سنگین صورتحال اختیار کر چکی ہے ، مسعود خان

ہیوسٹن: مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سنگین صورتحال اختیار کر چکی ہے، کوئی بھی مہذب معاشرہ اور حکومت انسانی حقوق کی پامالی کی اجازت نہیں دے سکتی۔مقبوضہ کشمیر کی وادی گزشتہ ایک سال سے انسانی جیل کی صورت اختیار کر چکی ہے جہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں.صدر آزاد جموں و کشمیر مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل اور ہیوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ کے اشتراک سے ہونے والے یوم استحصال کے حوالے سے ویبنار میں کیا انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں کسی بھی کشمیری کی عزت جان اور مال کو تحفظ حاصل نہیں ہے انہوں نے تقریب کے شرکاءکو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور جبر و تشدد کی کارروائیوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا.تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس ویمن شیلا جیکسن، کانگریس ویمن ایڈی برنی جونسن کانگریس مین جم بینکس اور اسٹیٹ ریپریزنٹیٹو ٹیری میزا نے کہا کہ انسانی حقوق کی پامالی کسی بھی مہذب معاشرے اور حکومت کے لیے قابل قبول نہیں ہے اور وہ ہر سطح پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے آواز بلند کریں گے اور انہیں اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے. انہوں نے کہا کہ یو نائیٹڈ نیشنز کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کشمیریوں کا مسلمہ حق ہے جو انہیں ملنا چاہیے اور کشمیریوں کو دنیا کے تمام انسانوں کی طرح اپنی مرضی سے جینے کی آزادی حاصل ہونی چاہیے کشمیر کا مسئلہ سیاسی نہیں بلکہ بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے جس پر پوری دنیا کو کشمیریوں کا ساتھ دینا چاہیے.امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے اور کشمیریوں کو کسی موقع پر تنہا نہیں چھوڑا جائے گا پاکستان نے اپنی کامیاب سفارت کاری کے ذریعے کشمیریوں پر جاری مظالم سے دنیا کو آگاہ کیا ہے جس کے نتیجے میں بھارت کا جمہوریت کی آڑ میں چھپا اصل ہندوتوا کا چہرہ سب کو نظر آنے لگا ہے‘اس موقع پر فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کی چیئرپرسن غزالہ حبیب نے کہا کہ کشمیری گزشتہ بہتر سالوں سے اپنی آزادی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور اب وہ وقت دور نہیں کہ کشمیری اپنی آزادی کی منزل کو جلد پالیں گے۔