بھارتی مسافر طیارہ کی کریش لینڈنگ، دو پائلٹوں سمیت 20 افراد ہلاک

کیرالہ: بھارتی ریاست کیرالہ کے کالی کٹ ایئرپورٹ پر بھارتی مسافر طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر آبادی میں گھس گیا، حادثے میں دو پائلٹوں سمیت 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جبکہ 140 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ریاست کیرالہ کے شہر کوژیکوڈ کے ایئرپورٹ پر دبئی سے 191 مسافروں کو لانے والی انڈیا ایکسپریس کی پرواز لینڈنگ کے دوران رن وے پر پھسل کر حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ طیارے کے دو ٹکڑے ہوگئے۔طیارے میں 174 مسافر، 10 بچے، 2 پائلٹس اور 5 طیارے کا عملہ سوار تھا۔حادثے کی نوعیت اور تباہ طیارے کو دیکھ کر بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ایمبولینس اور ریسکیو ادارے اہلکاروں کے نے امدادی کاموں کا آغاز کر دیا ہے جبکہ دیگر پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ائیر انڈیا کی پرواز 191 مسافروں کو لے کر بھارت کے کیرالہ ریجن کے کاری پور ائیرپورٹ (کالی کٹ ائیرپورٹ) پر لینڈ کی، تاہم اس دوران موسلادھار بارش جاری تھی، جبکہ حد نگاہ بھی کم ہو چکی تھی۔رن وے پر شدید پھسلن تھی جس کی وجہ سے پائلٹ طیارے کو کنٹرول میں نہ رکھ سکا اور طیارہ ائیرپورٹ کے قریب آبادی میں جا گھسا۔ کیرالہ کے وزیراعلیٰ نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کیلئے فی کس 5 لاکھ روپے امدادی رقم کا اعلان کیا ہے۔