سینکڑوں پاکستانی ڈاکٹروں ، نرسوں اور طبی اہلکاروں کو عرب ملک بھیجنے کا معاہدہ طے پاگیا

اسلام آباد:پاکستان اور ایک عرب ملک میں ایک معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت پاکستانی ڈاکٹروں ، نرسوں اور طبی عملے کی ایک بڑی تعداد وہاں کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے جائے گی۔میڈیا ر پورٹ کے مطابق پاکستان نے کویت کی درخواست پر 600 طبی کارکنوں کو کویت بھیجنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے اس حوالے سے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ہم نے کویت کی حکومت کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں تاکہ وہاں پر کام کرنے کے لیے پاکستانی ڈاکٹر، نرسوں اور پیرامیڈکس میں اضافہ کیا جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں اپنے کویتی بھائیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انھوں نے صحت سے متعلق پیشہ ور پاکستانی افراد کو ترجیح دی، یہ ہمارے دو عظیم ممالک کو مزید قریب لانے کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔کویت میں موجود پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق معاہدے پر پاکستانی سفیر سید سجاد حیدر اور کویتی انڈرسیکرٹری برائے صحت مصطفیٰ رضا نے دستخط کیے ہیں۔